بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،سکاٹ لینڈ بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گیا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے پہلے مرحلے میں اسکاٹ لینڈ نے عمان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

جمعرات کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 122 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

عمان کی جانب سے عاقب الیاس نے 37 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ کپتان ذیشان مقصود نے 34 اور محمد ندیم نے 25 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ کے جوش ڈیوی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسکاٹ لینڈ نے 123 رنز کا ہدف باآسانی 17 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کپتان کائل کوٹزر 41 اور رچی برنگٹن 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

واضح رہے کہ گروپ بی میں شامل اسکاٹ لینڈ نے اپنے تینوں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی اوریوں وہ اگلے مرحلے میں گروپ 2 میں شامل ہوگیا۔

 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 12 میں جگہ بنانے کیلئے 8 ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہیں جبکہ ہرگروپ سے 2 ،2 ٹیموں نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔

خیال رہے کہ اب تک گروپ اے سے سری لنکا جبکہ گروپ بی سے بنگلادیش اور اسکاٹ لینڈ نے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

جمعرات کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاپوا نیوگنی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز سے شکست دیکر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

Back to top button