عسکری قیادت سے مجھ سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں،وزیراعظم
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ صورت حال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوج میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں ،عسکری قیادت سے مجھ سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی تعیناتی میں تکنیکی خامی تھی جوٹھیک ہوجائےگی، انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سےمتعلق ابہام دور ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملات مکمل طور پر طے پا چکے ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری جلد کردی جائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہوزیراعظم نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں سول ملٹری تعلقات اتنے اچھے نہیں رہے جتنے آج ہیں،وزیراعظم نےکہا فوج کی عزت اور وقار پورے پاکستان کو عزیز ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پراسس شروع ہے، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری جلدی ہوگی اور تقرری کا فیصلہ اعتماد کی فضا میں ہوگا۔