پنڈورا پیپرز، وزیراعظم عمران خان شامل پاکستانیوں سے تحققات کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز میں شامل پاکستانیوں سے تحقیقات کا اعلان کردیا۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں  وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ پنڈورا پیپرز کا خیر مقدم کرتے ہیں، پنڈورا پیپرز اشرافیہ کی ناجائز دولت کو بے نقاب کرتے ہیں،ٹیکس چوری اور بدعنوانی سے جمع دولت مالیاتی ‘پناہ گاہوں’ میں پہنچ جاتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  اقوام متحدہ کےادارے نے چوری شدہ اثاثوں کا تخمینہ7ٹریلین ڈالر لگایا ہے، یہ دولت بڑے پیمانے پر آف شور ٹیکس ہیونز میں منتقل کی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا ہےکہ میری حکومت پنڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے تمام شہریوں کی تحقیقات کرےگی، اگر کوئی غلطی ثابت ہوئی تو مناسب کارروائی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر دنیا کی اشرافیہ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح دولت لوٹ رہی ہے،میں عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس سنگین ناانصافی کو موسمیاتی تبدیلی کے بحران کی طرح سمجھیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو اس سے  امیر اور غریب ریاستوں کے درمیان عدم مساوات میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں غربت میں اضافہ ہوگا اور  غریب سے امیر ریاستوں کی جانب روزگار کے لیے نقل مکانی کا سیلاب آئےگا جس سے دنیا بھر میں مزید معاشی اور سماجی عدم استحکام پیدا ہوگا۔

Exit mobile version