قومی
عمر شریف کی میت پیر کے بعد پاکستان پہنچے گی
جرمنی میں پاکستان کے قونصل جنرل فرینکفرٹ زاہد حسین نے کہا ہے کہ عمر شریف کی میت اگلے ہفتے پیر کے بعد پاکستان روانہ کی جا سکے گی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمر شریف کی میت کی روانگی کے انتظامات جرمن کمپنی کر رہی ہے۔ نیورمبرگ ساؤتھ اسپتال نے عمر شریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے۔ اسپتال کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد نیورمبرگ بلدیہ نے بھی سرٹیفکیٹ جاری کرنا ہے۔
ہفتہ اور اتوار کو سرکاری چھٹی کی وجہ سے بلدیہ کے دفاتر بند ہیں اور سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہو سکتا، جرمن قوانین کے مطابق سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے تک میت منتقل نہیں کی جا سکتی لہٰذا پیر کو بلدیاتی دفاتر کھلنے کے بعد سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوسکے گا۔ جسکے بعد میت کی پاکستان روانگی کا انتظام کیا جائے گا۔