بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اے پی ایس کے بچوں کو شہید کرنے والوں کا کیس الگ ہے، شیخ رشید

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عالمی منظر نامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے، جو ہتھیار پھینک دے اس سے لڑنا جائز نہیں ہے، جنہوں نے اے پی ایس کے بچوں کو شہید کیا ان کا کیس الگ ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ طالبان سے بات چیت کی ابتداء ہو رہی ہے، ہمیں معلوم ہے کہ کون اچھا ہے اور کون برا ہے، ہماری منصوبہ بندی دو چار سال کی نہیں 20 سال کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کا فیصلہ بھی ہو جائے گا، پیپلز پارٹی سمجھدار ہے سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھ گئی ہے، نون لیگ لتر بھی کھائے گی اور سمجھوتہ ایکسپریس پر بھی چڑھے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم امریکا اور چین سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ان شاء اللّٰہ مہنگائی پر قابو پا لیں گے، اپوزیشن پر کیسز ہیں، ان سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک سیٹ کا وزیر ہوں، عمران خان میری بات سنتے ہیں، وزیرِ اعظم کو سب سے زیادہ مہنگائی کی فکر ہے، جو ڈیل ہو رہی ہے اس پر فارن آفس بیان دے رہا ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ جو آ رہا ہے دل کشادہ ہے، جو نہ آئے خدا حافظ، واپسی کے دستخط امریکا نے کیئے ہیں ہم نے تو نہیں کیئے، ہم افغان بحران میں ہر ممکن مدد کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگلے الیکشن کے لیے بھی کوشش کی جا رہی ہے، اب طالبان سے بات چیت کی ابتداء ہو رہی ہے، ملک کے دشمنوں سے کونے کونے میں نمٹیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگلا الیکشن سب کو عمران خان کے نام پر لڑنا ہے، باقی سب تھکے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے دشمنوں سے کونے کونے میں نمٹیں گے، دہشت گردی کو ختم کر کے دم لیں گے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے، لڑائی سمندر میں جا رہی ہے اور نون لیگ کنویں کی مینڈک ہے۔

Back to top button