مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں،شواہد برطانیہ کو پیش
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ انہوں نے برطانوی وزیرخارجہ سےکہا ہےکہ کرکٹ فیصلے پر نظرثانی کریں، انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔
لندن میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ریڈ لسٹ اور کرکٹ کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی میں تشویش تھی، انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، برطانوی وزیرخارجہ سے کہا ہےکہ کرکٹ فیصلے پر نظر ثانی کریں، برطانوی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ فیصلہ حکومت کا نہیں کرکٹ بورڈ کا تھا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانوی ہم منصب سے افغانستان، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پرگفتگو ہوئی ہے، برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر اہم بحث ہوئی ہے،کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شواہدکی دستاویز برطانوی وزیرخارجہ کو دی ہے جس میں 3 ہزار کیس ایسے ہیں جو جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگلے برس برطانیہ سے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہو جائیں گے، برطانیہ کے ساتھ تاریخی اسٹریٹجک تعلقات ہیں ، برطانوی وزیر خارجہ نےجوائنٹ ورکنگ گروپ کی تجاویزکوقبول کیا، معاشی تعلقات پر بھی ایلزبتھ ٹرس سے بات ہوئی، برطانوی وزیرخارجہ نے باہمی تجارت کے لیے مشترکہ کمیشن کی بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے طالبان حکومت تسلیم کرنےکی بات نہیں کی، ان سےگفتگو کی بات کی ہے، میرے خیال میں امریکا و برطانیہ طالبان حکومت سے بات چیت کو تیار ہیں، ہم اور دنیا بھی افغانستان میں امن و استحکام چاہتی ہے، مل کر کوشش کریں کہ افغانستان میں انسانی المیہ جنم نہ لے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے9 میں سے7 ارب ڈالر امریکی عدالتوں کی وجہ سے منجمد ہیں، تقریباً 7 ارب ڈالر پر لوگوں نے پٹیشن دائرکر رکھی ہیں، دو سے اڑھائی ارب ڈالر عدالتی دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔