قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فاسٹ بولر حسن علی کی تصویر پر دلچسپ تبصرہ کر ڈالا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حسن علی نے اپنی تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے اور وہ کافی پرکشش نظر آرہے ہیں۔حسن علی نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ لباس، ہمیشہ متاثر کرتا ہے۔فاسٹ بولر کی اس تصویر پر جہاں ان کے مداحوں نے محبت بھرے تبصرے کیے تو وہیں بابر اعظم بھی کسی سے پیچھے نہ رہے۔
بابر اعظم نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکائونٹ پر حسن علی کی تصویر شیئر کی اور اس پر دلچسپ تبصرہ کردیا۔کپتان بابر اعظم نے لکھا کہ حسو (حسن) بہت اچھا لگ رہا ہے۔انہوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ویسے یہ رشتہ تصویر لگ رہی ہے۔بابر اعظم کے اس دلچسپ تبصرے کو سوشل میڈیا صارفین خوب پسند کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ 20 اگست 2019 کو حسن علی بھارتی دوشیزہ سامعہ آرزو کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ سامعہ آرزو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں لیکن وہ گوجرانوالہ بھی آتی رہتی ہیں۔دوسری جانب رواں سال ہی حسن علی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔