روس نے افغانستان کی نئی عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔گزشتہ دنوں طالبان نے افغانستان کی عبوری حکومت کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق ملا محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ہوں گے جبکہ ملا عبدالغنی برادر اورمولوی عبدالسلام حنفی نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔
اس کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ نئی افغان حکومت نائن الیون کے 20 سال مکمل ہونے والے روز حلف اٹھائے گی۔
اس حوالے سے روس کے ایوان بالا کے اسپیکر نے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ افغانستان میں تقریب حلف برداری میں سفارتی سطح کے حکام شرکت کریں گے۔
تاہم اب روس نے نئی عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
روسی صدارتی محل کریملن کے ترجمان کے مطابق روس افغانستان میں نئی عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کرےگا۔
علاوہ ازیں افغانستان کی صورتحال پر اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہےکہ اگلے چند ماہ میں افغانستان کی پوری آبادی غربت کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔
بیان کے مطابق افغانستان کےتقریباً 4 کروڑ افراد کو انسانی امدادکی ضرورت ہے۔