سابق افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہےکہ کابل چھوڑنا ان کی زندگی کا سب سے مشکل فیصلہ تھا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں اشرف غنی نے کہا کہ میں نے صدارتی محل کے سکیورٹی عملے کی ہدایت پر وہاں سے روانگی اختیار کی۔
سابق افغان صدر کا کہنا تھا کہ کابل کو چھوڑنا میری زندگی کا سب سے مشکل فیصلہ تھا مگر مجھے یقین تھا کہ کابل میں توپوں کو خاموش رکھنے اور لاکھوں شہریوں کو محفوظ رکھنے کا یہی واحد راستہ ہے۔
اشرف غنی نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے 20 سال افغان شہریوں کی مدد، جمہوریت کی تعمیر و ترقی، استحکام اور ملکی سالمیت کے لیے وقف کیے، میرے ارادوں میں کبھی افغان شہریوں کو مشکل میں چھوڑنا شامل نہیں تھا۔
سابق افغان صدر نے ایک بار پھر کابل چھوڑتے ہوئے ڈالرز ساتھ لے جانے کی خبروں کی تردید کی اور اسے بے بنیاد الزام قرار دیا۔