سید علی گیلانی کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے،دفتر خارجہ
پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے حق کےحصول تک کشمیریوں کی مدد کرتا رہے گا
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اور عوام سید علی گیلانی کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، وہ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے،طویل عرصہ گھرمیں نظر بند رہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مشکلات و مصائب اور جبر و استبداد کا کوئی ہتھکنڈا ان کے آہنی عزم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکا۔
ترجمان نے کہا کہ ناجائز بھارتی قبضے کیخلاف سید علی گیلانی نے جدوجہد سے کشمیریوں کو ایک عزم و حوصلہ دیا،وہ لمحہ بھر کیلئے بھی اپنی نظریاتی سمت سے کبھی غافل نہیں ہوئے۔
پاکستان اور کشمیر سے سید علی گیلانی کی بےمثال وابستگی اور محبت پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے حق کےحصول تک کشمیریوں کی مدد کرتا رہے گا۔