پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میں اب تک اگر کھیل رہا ہوں تو فینز کی وجہ سے کھیل رہا ہوں، شاید پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا اگلا سیزن میرا آخری سیزن ہو۔
شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے آخری سیزن کھیلوں، اگر ملتان سلطانز نے ریلیز کر دیا تو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کرلوں گا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بائیو سکیور ببل کی وجہ سے کرکٹ کھیلنا بند کردی ہے، پلیئرز کیلئے بائیو سکیور ببل بہت مشکل ہوجاتا ہے۔
سابق کپتان نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں طالبان کے معاملات پہلے سے مختلف ہیں اور طالبان کرکٹ کو سپورٹ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی سسٹم کو تبدیل کرنا ہے تو صرف چہرے تبدیل نہ ہوں، تبدیلی کا نعرہ گراس روٹ لیول سے ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کے پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کرنے کی خبریں گردش میں تھیں اور انہوں نے اب خود اس خواہش کا اظہار کردیا ہے۔