پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

جن ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں ان کی قیمتیں کم تھیں،کم قیمت ہونے کی وجہ سے دوا ساز  اداروں نے انہیں بنانا چھوڑ  دیا

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے ) نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو  مسترد کر  دیا۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق موجودہ حکومت نے 3 سال میں 11 بار ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جو انتہائی تشویش ناک عمل ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے حال ہی میں 8 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری  دی ہے اور اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر قیمتیں نہ بڑھائی گئیں تو یہ دوائیں مارکیٹ سے بلیک میں 4 گنا زیادہ قیمتوں پر ملیں گی۔ 

سرکاری ذرائع کے مطابق جن ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں ان کی قیمتیں کم تھیں،کم قیمت ہونے کی وجہ سے دوا ساز  اداروں نے انہیں بنانا چھوڑ  دیا تھا اور ان کی پیداوار  بند ہو چکی تھی، قیمت بڑھانےکے بعد اب دواساز ادارے یہ دوائیں بنائیں گے اور مارکیٹ میں آسانی سے ملیں گی۔

دوسری جانب گزشتہ روز  پیپلزپارٹی کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کیا جا چکا ہے۔

Exit mobile version