جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں روزانہ 3 ہزار مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی

ڈاکٹرز و نرسز کی پیشہ وارانہ مہارت بڑھانے کیلئے کورسزجاری ، جان بچانا اولین ترجیح ہے : پروفیسر الفرید ظفر

جنرل ہسپتال کو سٹیٹ آ ف دی آرٹ علاج گاہ بنانے اور مریض دوست ماحول کی فراہمی کی بدولت شعبہ ایمرجنسی میں روزانہ 3ہزار کے لگ بھگ آنے والے مریضوں کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت علاج معالجے کی تمام طبی و تشخیصی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں اوربہترین طبی خدمات سے دن بدن شہریوں کاا س ادارے پر اعتماد بڑھ رہا ہے ۔2007میںجنرل ہسپتال 110بستروں کا شعبہ ایمرجنسی تعمیر ہوا تھا تاہم مریضوں میں روز افزوں اضافہ ہونے کے پیش نظر ہسپتال انتظامیہ نے مختلف شعبوں میں220بستر لگا دیے ہیں تاکہ لاہور سمیت دوسرے علاقوں سے آنے والے شہریوں کو معیاری اور بر وقت علاج معالجہ میسر آ سکے ۔ اس امر کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ کوالٹی ہیلتھ کئیر کو یقینی بنانے کیلئے ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکس کی پیشہ وارانہ مہارت بڑھانے کیلئے تربیتی کورس کروانے کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے اور اس مقصد کیلئے ہسپتال کے تمام شعبہ جات اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شعبہ حادثات میں اکثر مریض سیریس حالت میں لائے جاتے ہیں جن کی جان بچانا معالج کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لئے تمام وسائل برؤئے کار لائے جا نا چاہئیں۔ پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ جنرل ہسپتال کے شعبہ حادثات میں مریضوں کیلئے ٹرائی ایج ڈیپارٹمنٹ بھی قائم کردیا گیا ہے تاکہ مریضوں کی بیماری کی شدت کے پیش نظر اُن کے علاج معالجے میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو ۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں شفٹوں میں ڈاکٹرز،نرسز و پیرا میڈیکس کی تعداد میں بھی مطلوبہ ضرورت کے مطابق اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے نرسنگ سٹاف کو تاکید کی کہ وہ مریضوں کا ریکارڈ مکمل رکھیں اور اس ضمن میں پہلے سے موجود قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنائیں ۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے مریضوں کے لواحقین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے مریض کی ہسٹری ڈاکٹر سے پوشیدہ رکھنے کی بجائے انہیں اس ضمن میں مکمل آگاہ کیا جائے تاکہ مریض کا علاج معالجہ فوری طور پر شروع ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت پر مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے میکنزم مرتب کر لیا ہے اور ہسپتال کے تمام عشبوں کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کرنے سے مریض کی آمد سے لے کر ڈسچارج ہونے تک علاج معالجے کا تمام ریکارڈ محفوظ رکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مریضوں کو مفت ادویات اورآپریشن کے سامان کی فراہمی کیلئے وافر فنڈز فراہم کیے ہیں تاکہ پریشانی کی حالت میں آنے والے مریضوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ پروفیسر الفریدظفر نے کہا کہ تمام شعبوں کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے او ربہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز کی دستیابی،جدید طبی آلات کی تنصیب اور بہترین دیکھ بھال کے باعث دن بدن مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے صوبائی دارلحکومت سمیت دوسرے صوبوں سے بھی لوگ علاج معالجے کیلئے جنرل ہسپتال کو ترجیح دیتے ہیں جو اس ادارے پر شہریوں کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق ، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق ، نرسنگ انتظامیہ و دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

Exit mobile version