افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ کے قریب بھگدڑ مچنے سے 7 افراد ہلاک ہو گئے ، واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر ملک چھوڑنے کے خواہشمند ہزاروں افراد اب بھی جمع ہیں، اسی دوران بھگدڑ مچنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 7 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ اس واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد ملک سے جہاز کے ذریعے قطر پہنچنے والے افغان کس حالت میں ہیں ، ویڈیو سامنے آگئی ، سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حالیہ دنوں میں کابل سے فرار ہونے والے سیکڑوں افغانوں کے لیے شہر سے باہر نکلنا محض ایک آغاز تھا ، قطر میں ایک امریکی ایئر بیس پر ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں ان مشکل حالات کو دیکھا جاسکتا ہے جو افغانستان سے بہتر مستقبل کا خواب لیے انخلاء کرنے والے اب برداشت کر رہے ہیں ، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قطر میں ایک امریکی ایئر بیس پر افغان شہری بے سروسامانی کے عالم میں پڑے ہیں ، جہاں غیر یقینی مستقبل ان کا منتظر دکھائی دیتا ہے۔