ترکمانستان کیلئے اولمپکس میں پہلا میڈل جیتنے والی خاتون ویٹ لفٹر پر انعامات کی بارش

1991 میں سوویت

وسطی ایشیا کے ملک ترکمانستان میں پہلی بار ملک کے لیے اولمپک میڈل جیتنے والی ایتھلیٹ پر انعامات کی بارش ہوگئی۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ترکمانستان کی 21 سالہ ویٹ لفٹرپولینا گوریوا نے ٹوکیو اولمپکس میں خواتین کی کیٹیگری میں 59 کلوگرام کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ 1991 میں سوویت یونین سے علیحدگی کے بعد سے اولمپک مقابلوں میں ترکمانستان کا یہ پہلا میڈل ہے۔

اس سے قبل1960 کے روم اولمپکس میں ایک ترکمان شوٹر نے سوویت یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

ملک کے لیے پہلا اولمپک میڈل حاصل کرنے پر پولینا گوریوا کو ترکمانستان میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

دارالحکومت اشک آباد میں روسی نسل سے تعلق رکھنے والی خاتون ایتھلیٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کو انعامات سے نوازا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق حکومت کی جانب سے پولینا گوریوا کو اشک آباد میں شاندار اپارٹمنٹ، لگژری کار اور 50 ہزار امریکی ڈالر انعام دیا گیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولینا نے اپنی کامیابی کو ملک کے صدر اور عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی کی 30 ویں سالگرہ کا تحفہ ہے۔

Exit mobile version