نذیر چوہان نے جہانگیر ترین گروپ چھوڑ دیا
میں جہانگیر ترین کی ہر پیشی پر گیا اور میں نے جہانگیر ترین کو اپنا لیڈر مانا لیکن وہ اس قابل نہیں،نذیر چوہان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان نے جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد نذیر چوہان کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نذیر چوہان نے ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ میرا ترین گروپ سے کوئی تعلق نہیں، جہانگیر ترین نے مجھے استعمال کیا اور مشکل میں مجھے فون کال تک نہیں کی۔
ان کا کہنا تھاکہ میں جہانگیر ترین کی ہر پیشی پر گیا اور میں نے جہانگیر ترین کو اپنا لیڈر مانا لیکن وہ اس قابل نہیں۔
نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ میرا ایک ہی لیڈر ہے اور رہے گا، اس کا نام عمران خان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین کو شرم آنی چاہیےکہ انہوں نے اسپتال آکر میرا حال تک نہیں پوچھا، اس معاملے میں بہت سے منافق لوگوں کے چہرے سامنے آ گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی جانب سے درج مقدمے میں نذیر چوہان کو گرفتار کیا تھا تاہم بعدازاں فیاض چوہان نے مشیر داخلہ اور نذیر چوہان میں صلح کرادی تھی۔
نذیر چوہان نے مشیر داخلہ سے فون پر معافی مانگی تھی جس کے بعد عدالت نے بھی انہیں ضمانت پر رہا کیا۔