بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ہماری جدوجہد آئین شکنوں کی غلامی سے نجات کیلئے ہے،نواز شریف

مسلم لیگ ن کی 5 لاکھ ووٹوں سے 6 سیٹیں جبکہ پی ٹی آئی کی 6 لاکھ ووٹوں سے 26 سیٹیں، ایسی فتح پر کون یقین کرے گا؟ ہماری


پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، مسلم لیگ ن کی 5 لاکھ ووٹوں سے 6 سیٹیں جبکہ پی ٹی آئی کی 6 لاکھ ووٹوں سے 26 سیٹیں، ایسی فتح پر کون یقین کرے گا؟ ہماری جدوجہد چند سیٹوں کیلئے نہیں بلکہ آئین شکنوں کی غلامی سے نجات کیلئے ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے لندن سے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی چکی میں پستے عوام، آٹا، چینی، گھی اور دواؤں کے لئے ٹھوکریں کھاتے لوگ، پی ٹی آئی سے نجات کے لئے گلی گلی دہائی دیتی خلقِ خدا، مسلم لیگ ن کے پُرجوش تاریخی جلسے اور حکومتی سربراہوں کا خالی کرسیوں سے خطاب۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی 5 لاکھ ووٹوں سے 6 سیٹیں اور پی ٹی آئی کی 6 لاکھ ووٹوں سے 26 سیٹیں۔ پی ٹی آئی کی ایسی فتح پر کون یقین کرے گا؟ آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کے نتائج جس طرح حاصل کئے گئے اُس کا تذکرہ اِن انتخابات کے دنوں سے پہلے ہی منظر عام پر آنا شروع ہو گیا تھا، باقی آنے والے دنوں میں مزید بےنقاب ہوگا۔

نوازشریف نے مزید کہا کہ یہ جدوجہد محض چند سیٹوں کی ہار جیت کے لئے نہیں بلکہ آئین شکنوں کی غلامی سے نجات کے لیے ہے۔ اور اپنی عزتِ نفس پر سمجھوتہ کئے بغیر تاریخ کی درست سمت میں کھڑے نظر آنے کے لئے ہے۔ مسلم لیگ ن اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اِنشاءاللہ۔

Back to top button