وزیر داخلہ شیخ رشید کی لال حویلی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ
فائرنگ کے وقت وزیر داخلہ لال حویلی میں موجود نہیں تھے۔ نامعلوم شرپسندوں کی اندھا دھند فائرنگ کی وجہ سے ایک 8 سالہ معصوم بچہ زخمی ہو گیا
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی پر حملہ، راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں نامعلوم افراد کی جانب سے اندھادھند فائرنگ، کم سن بچہ نشانہ بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں واقع وفاقی وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی پر نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی، تاہم فائرنگ کے وقت وزیر داخلہ لال حویلی میں موجود نہیں تھے۔ نامعلوم شرپسندوں کی اندھا دھند فائرنگ کی وجہ سے ایک 8 سالہ معصوم بچہ زخمی ہو گیا جسے ہنگامی طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ علاقے میں پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی۔
واقعے کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وارث خان کےعلاقہ میں لال حویلی کےباہر گولی لگنےسے 08 سالہ بچہ زخمی ہوا، بچہ انس اپنے والد کے چنے کی ریڑھی پر بیٹھا تھا، بچے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سےباہربتائی جاتی ہے، پولیس افسران موقعہ پر موجود ہیں، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں،قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب یہ انکشاف ہوا ہے کہ کچھ روز قبل بھی لال حویلی پر اسی طرز کا حملہ کیا گیا تھا۔23 جولائی کو وزیر داخلہ کی رہائش گاہ لال حویلی پر چند نامعلوم افراد فائرنگ کر کے فرار ہوگئے تھے، حملہ آور تاحال گرفتار نہ کیے جا سکے۔