نواز شریف واپسی کا اعلان کریں ان کیلئے طیارہ بھیجوں گا، شیخ رشید
پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ساتھ ہے اور عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کرے گا
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نواز شریف کو وطن واپسی کی صورت میں فوج اور رینجرز کی سکیورٹی دینے کی پیشکش کردی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کل شام لال حویلی سے تحریک انصاف کی فتح کا اعلان کروں گا اور پھر قوم اپوزیشن کا رونا پیٹنا سنیں گے جب کہ پیپلز پارٹی کو کشمیر میں (ن) لیگ سے زیادہ سیٹیں مل جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سب کو یک زبان ہونا چاہیے تھا، پوری قوم کو کشمیر کی آزادی میں ایک ہونا چاہیے، پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ساتھ ہے اور عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کرے گا۔
وزیر داخلہ نے نوازشریف کو وطن واپسی پر فوج اور رینجرز کی سکیورٹی دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز صاحبہ کو مفت مشورہ دے رہا ہوں، نوازشریف کو شام کو چارٹر بھیجتا ہوں آپ اچھی حالت میں واپس آجائیں، نواز شریف صبح اعلان کریں شام کو وطن واپس لانے کے لیے طیارہ بھیجوں گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی زبان ان کی سیاست تباہ کردے گی، نواز شریف اور اس کے خاندان نے قوم کو سزا دی، نواز شریف اور ان کی بیٹی اپنی زبان کی وجہ سے مار کھائیں گے، نوازشریف جس تکلیف میں ہیں وہ انہوں نے خود منتخب کی، سوشل میڈیا کہہ رہاہے کہ نوازشریف سے را کے ایجنٹ مل رہے ہیں، آپ مودی کے ساتھ پگڑیاں بدلتے ہیں آپ کہاں کے کشمیری ہیں، کشمیری ڈوگرا راج سے لڑرہے ہیں اور ہر روز نوجوان شہید ہورہے ہیں،کشمیری آزادی سے کم پیچھے نہیں ہٹے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ داسو ڈیم پر جلد کام شروع ہوگا، داسو اور بھاشا ڈیم ملک کی معیشت کی تقدیر بدل دے گا، چین سے پاکستان کی دوستی لازوال ہے۔