قومی انڈر 23 فٹبال چیمپئن شپ،بلوچستان بازیگر چیمپئن بن گئی

30 منٹ کے اضافی وقت میں بلوچستان بازیگر کے سیف اللہ نےاضافی وقت میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی


بلوچستان بازیگر نے خیبر ایگلز کو شکست دے کر قومی انڈر 23 فٹ بال چیمپیئن شپ جیت لی جبکہ کے پی کے فالکن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کنج فٹ بال گراؤنڈ ایبٹ آباد میں چیمپئن شپ کا فائنل میچ خیبر ایگلز اور بلوچستان بازیگر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

بعد میں 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔ بلوچستان بازیگر کے سیف اللہ نےاضافی وقت میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

ریفری کے فرائض احمد رئوف نے انجام دیئے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں کے پی کے فالکن نے اسلام آباد ٹائیگرز کے خلاف 2-1 گول سے کامیابی حاصل کی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ فائنل جیتنے والی ٹیم بلوچستان بازیگرکو دو لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی۔ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی خیبر ایگلز کو ڈیڑھ لاکھ روپے اور رنر اپ ٹرافی دی گئی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پی کے فالکن کو ایک لاکھ روے اور ٹرافی کا حقدار ٹھہرایا گیا۔

پنجاب واریئرز کو فیئر ٹرافی بمعہ پچاس ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی۔چیمپیئن شپ کے بہترین کھلاڑی کے پی کے فالکن اسد اللّٰہ، ٹاپ اسکورر بلوچستان زور آور کے زوہیب ایوب اور بہترین گول کیپر بلوچستان بازیگر کے کامران خان کو پچیس، پچیس ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی۔

اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ، نائب صدر ملک محمد عامر ڈوگر، سیکرٹری جنرل نوید اکرم، کانگریس اراکین چوہدری فقیر محمد اور چوہدری محمد سلیم کے علاوہ اسلام آباد فٹ سال ایسوسی ایشن جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری، سابق فٹ بالر شاہد شنواری اور شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

Exit mobile version