آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ 2 روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے قطر کے نائب وزیراعظم و وزیرمملکت برائے دفاع ڈاکٹرخالد بن محمد اور قطر کی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع، سیکیورٹی تعاون اور خطے کی جیوپولیٹیکل صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے قریبی تعلقات کی مشترکہ عظیم تاریخ ہے، دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کا جذبہ ایک پائیدار شراکت میں بدل رہا ہے۔
آرمی چیف نے افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ اور تمام شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا عزم کیا گیا۔