ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوں،عثمان قادر
انگلش دورے کے دوران پوری کوشش ہو گی کہ جو توقعات مجھ سے وابستہ کی گئی ہیں ان پر پورا اترتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی پیش کروں
دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں شامل عثمان قادر کے بارے میں ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف عثمان قادر پاکستان کیلئے بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ماہرین کے مطابق عثمان قادر بہت زبردست سپنر ہیں اور اپنے والد کی طرح بلے بازوں کیلئے مشکلات پیدا کرتے ہیں
ادھر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ انگلش دورے کے دوران پوری کوشش ہو گی کہ جو توقعات مجھ سے وابستہ کی گئی ہیں ان پر پورا اترتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی پیش کروں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی بلے باز کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دوں اگر ایک دو چوکے لگ بھی جائیں تو اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے بلے باز کو آئوٹ کرنے کی کوشش کرتا ہوں
ان کا کہنا تھا کہ انگلش کنڈیشنز اور وکٹیں فاسٹ بائولرز کو سپورٹ کرتی ہیں تاہم اچھے سپنرز کیلئے یہاں بہت کچھ ہے اور میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوں۔