پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے متنازعہ بل سے صحافیوں کیخلاف شقیں ختم
آزادی صحافت پر مکمل یقین ہے، اس پر قد غن لگانے والوں کے خلاف وہ خودکھڑا ہونگا، پرویز الہیٰ
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے متنازع بل سےصحافیوں کے خلاف شقیں ختم کر دی گئی ہیں۔
پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ آزادی صحافت پر مکمل یقین ہے، اس پر قد غن لگانے والوں کے خلاف وہ خود کھڑے ہوں گے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے لاہورمیں سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) رانا عظیم اور صدر پی یو جے شہزاد بٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں متنازع بل پر بات چیت کی گئی ۔
ملاقات میں طے پایا کہ اسمبلی کارروائی کے دوران اسپیکر جن الفاظ کو حذف کرنے کا کہیں گے، میڈیا انہیں حذف کرنے کا پابند ہو گا۔
پرویز الٰہی کا کہناتھاکہ ایوان سے باہر گفتگوکے دوران صحافی ارکان سے ہرقسم کا سوال کر سکتے ہیں ،ارکان اسمبلی کے حوالے سے اسپیکر کے اختیارات برقرار رہیں گے ،صحافیوں کے حوالے سے اسپیکر کی سربراہی میں ڈسپلنری کمیٹی تشکیل قائم کی گئی ہے جس میں صحافیوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔