شہباز شریف صاحب سودے بازی چھوڑ دیں،بابر اعوان
پچھلے 2 ہفتوں میں دو مرتبہ شہباز شریف نے پارلیمان کی بالادستی کو ماننے سے انکار کیا
وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کو سپریم سمجھتے ہوئے تمام کام پارلیمنٹ کے ذریعے سے کرنا چاہتی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پچھلے 2 ہفتوں میں دو مرتبہ شہباز شریف نے پارلیمان کی بالادستی کو ماننے سے انکار کیا، شہباز شریف صاحب آئینِ پاکستان کی توہین ناکریں، شہباز شریف صاحب سودے بازی چھوڑ دیں جو آپ ہر بات پر کرتے ہیں۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اگر اسمبلی بھی اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھیننا چاہے تو آئین اس کی اجازت نہیں دیتا، شہباز شریف پتلی گلی نا ڈھونڈیں، جو گفتگو کرنی پارلیمنٹ میں کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکش ریفارمز کے بعد حکومت کا جوڈیشل ریفارمز کا ایجنڈا سرِفہرست ہے، اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ جوڈیشل ریفارمز پر حکومت کے ساتھ بیٹھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمان کو سب سے مقدس ادارہ سمجھتے ہوئے تمام قوانین پارلیمنٹ میں پاس کروانا چاہتی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے مشیر برائے پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف جو عدالتی فیصلہ آیا ہے اس کے بعد وہ بند گلی میں چلے گئے ہیں، ان کی ضمانت کا آرڈر ختم ہوگیا ہے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو قانون کے سامنے سرنڈر کرنا پڑےگا، نواز شریف کو پاکستان آکر قید کاٹنا ہے، مفرور کے پاس آئینی حقوق نہیں رہتے۔