سعودی عرب کھجور کی پیداوار میں دنیا کا دوسرابڑا ملک بن گیا
سالانہ پیداوار15 لاکھ ٹن ، کھجور کی برآمدی مالیت 92 کروڑ70 لاکھ ریال تک پہنچ گئی
مملکت سعودی عرب کھجور کی کاشت اور اس کی پیداوار کے حوالے سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ مملکت کی کھجور کی پیداوار 15 لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ کھجورکی برآمدات سے حاصل ہونے والے ریونیو کا حجم 927 ملین ریال تک پہنچ گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے افزائش کھجور اور ادارہ شماریات کی طرف سے جاری ایک مشترکہ رپورٹ میں کہاگیا کہ مملکت کی ترقی کے وڑن 2030 کے اہداف میں مملکت کو خوراک اور غذائی اجناس کے میدان میں خود کفیل بنانا اور کھجور کی پیداوار بڑھانے کے لیے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ بھی شامل ہے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ مملکت میں کاشت کی جانے والی کھجور دنیا کے 107 ملکوں کو برآمد کی جاتی ہے۔ گذشتہ برسوں کے دوران دوسرے ملکوں کو سعودی عرب کی کھجور کی سپلائی اور برآمدات میں اضافہ ہوا اور ان ممالک کی تعداد ایک سو سات ہوگئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں کھجور کی برآمدات میں 7 اعشاریہ ایک فی صد اضافہ ہوا جس کے بعد مملکت کی کھجور کی برآمدی مالیت 92 کروڑ70 لاکھ ریال تک پہنچ گئی ہے۔ سعودی عرب کی کھجور کی پیدوار کا حجم ڈیڑھ ملین ٹن ہے اور اس طرح سعودی عرب کھجور پیدا کرنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔دوسری طرف سعودی عرب کھجور کے مقامی معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی برآمدات کو بھی معیاری بنانے اور شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے لیے کوشش کر رہا ہے۔مملکت نے کھجور کی پیداوار بڑھانے اور اس کی عالمی سطح پر معیاری سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع کیا ہے۔ سعودی عرب میں کھجور کے درختوں کی تعداد 31 ملین تک لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سعودی عرب میں کھجوروں کو صاف کرنے اور ان کی پیکنگ اور سپلائی کے لیے 157 کار خانے قائم ہیں۔