بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز دکھانے کا مسئلہ حل کرلیا گیا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی ملتان سلطانز کو پی ایس ایل فائنل جیتنے پر مبارکباد

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملتان سلطانز کو پی ایس ایل کا نیا چیمپئن بننے پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اب اگلا میلہ سجنے کو ہے ، ہم نے انگلینڈ پاکستان سیریز دکھانے کا مسئلہ حل کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ملتان سلطانز کو پی ایس ایل نیا چیمپئن بننے پر مبارک دیتے ہوئے پاکستان کیساتھ شاندارکرکٹ میلہ سجانے والےغیر ملکی ہیروز کا شکریہ ادا کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’اب اگلا میلہ سجنے کو ہے ، ہم نے انگلینڈ ،پاکستان سیریز دکھانے کا مسئلہ حل کر لیا ہے‘۔یاد رہے کہ 8 جون کو وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ساؤتھ ایشیا کے تمام براڈ کاسٹنگ رائٹس انڈیا کے پاس ہیں ، پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز پاکستان میں نہیں دکھا سکیں گے، جس سے پی ٹی وی اور پی سی بی کو بھی خسارے کا سامنا ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے 4 جون کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کے لیے سکواڈز کا اعلان کیا تھا۔ پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق حارث سہیل، عماد وسیم، محمد عباس اور نسیم شاہ کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ مڈل آرڈر بلے باز اعظم خان کو پہلی بار قومی ٹی 20 اور سلمان علی آغا کو ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق لیگ سپنر یاسر شاہ تاحال گھٹنے کی انجری سے صحتیاب نہیں ہو سکے، لہٰذا ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈز بالترتیب 18 اور 19 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں جن میں 21 کھلاڑی ایسے ہیں جو دونوں فارمیٹس کا حصہ ہوں گے۔

Back to top button