فردوس عاشق کا قادرمندوخیل کو تھپڑ،عدالت نے ایس ایچ او کو طلب کرلیا
قادر مندوخیل نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں فردوس عاشق اعوان نے مجھے تھپڑ مارا اور تشدد کیا
کراچی کی ضلع غربی کی عدالت نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جانب سے ایم این اے قادر مندوخیل کو تھپڑ مارنے کے واقعے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایس ایچ او سعید آباد کو 29 جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایس ایچ او کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔
قادر مندوخیل نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں فردوس عاشق اعوان نے مجھے تھپڑ مارا اور تشدد کیا۔
انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے مجھے غلیظ گالیاں دیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، واقعے سے میرے ووٹرز اور اہلِ خانہ کو شدید صدمہ پہنچا۔
قادر مندوخیل نے عدالت کو بتاتے ہوئ استدعا کی کہ پولیس نے واقعے کے مقدمے کے اندراج سے انکار کیا ہے، عدالت پولیس کو فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم جاری کرے۔