بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان سپر لیگ، پہلے ایلیمنیٹر میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو پشاور زلمی نے شکست دیدی

پشاور زلمی آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے دوسرا ایلی منیٹر کھیلے گی، جس کی فاتح ٹیم 24 جون کو فائنل میں ملتان سلطانز کے مدمقابل ہوگی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے پہلے ایلی منیٹر میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی نے پشاور کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پشاور زلمی نے ہدف 20 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ حضرت ﷲ زازئی اور شعیب ملک نمایاں کھلاڑی رہے۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے کھلاڑی حضرت ﷲ زازئی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ محض 38 گیندوں پر 77 رنز بنائے ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔ شعیب ملک نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے ایک چھکا اور 2 چوکے لگائے۔

کراچی کنگز کی طرف سے تھیسارا پریرا نے 2 جبکہ نور احمد اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں پر 175رنز بنائے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 176رنز کا ٹارگٹ دیا۔ کراچی کی جانب سے بابر اعظم اور تھیسارا پریرا نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔

بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 6 چوکے لگائے، تھیسارا پریرا نے برق رفتار 37 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض، محمد عرفان اور عمید آصف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمران کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

پشاور زلمی آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے دوسرا ایلی منیٹر کھیلے گی، جس کی فاتح ٹیم 24 جون کو فائنل میں ملتان سلطانز کے مدمقابل ہوگی۔

اشتہار
Back to top button