بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

برسلز کے نوجوان طالب علم فلسطینیوں کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے

اس موقع پر موجود نوجوانوں نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین اور مختلف ممالک کے پرچم اٹھا رکھے تھے

فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف یورپین دارالحکومت برسلز میں آج ایک اور بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے کی کال برسلز کے نوجوان طالب علموں نے دی تھی۔

یورپین کمیشن، یورپین کونسل اور یورپین خارجہ امور کے دفاتر کے درمیان موجود پلس شومان پر موسم کی خرابی کے باوجود یہ ایک بڑا مظاہرہ تھا۔

اس موقع پر موجود نوجوانوں نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین اور مختلف ممالک کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ جبکہ اپنے ہاتھوں سے بنائے گئے سادہ پلے کارڈز پر اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے درج کر رکھے تھے۔

اس تمام عرصے میں مظاہرین مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔ مظاہرے میں موجود شرکاء نے اسرائیل کے خلاف امریکہ کی جانبدارانہ حمایت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلے کے منصفانہ حل میں مدد دینے کی بجائے فلسطینیوں کے قتل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے یورپی یونین سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی اس جارحیت کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

Back to top button