بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستانی کوہ پیما شہزور کاشف نے کم عمری میں مائونٹ ایورسٹ سر کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا

شہروز کاشف 17 برس کی عمر میں پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی براڈ پیک (8047 میٹر بلند) سَر کرنے والے کم عمر ترین پاکستان کوہ پیما بھی ہیں

19 سالہ شہروز کاشف دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ (8848.86 میٹرز بلند) سَر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بن گئے۔سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک پر کئی گئی ایک پوسٹ میں نیپالی کوہ پیما اور سیون سمٹ ٹریکس مہم جوئی کے منیجر چھانگ داوا شیرپا نے ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بننے پر شہروز کاشف کو مبارکباد دی۔

انہوں نے لکھا کہ ‘آج (11 مئی کی) صبح سیون سمٹ ٹریکس کی ایورسٹ مہم جوئی 2021 کے تحت شہروز کاشف نے ماؤنٹ ایورسٹ کامیابی سے سَر کرلیا’۔دوسری جانب شہروز کاشف کے فیس بک پیج پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا کہ ‘الحمداللہ، شہروز کاشف کی جانب سے پیغام موصول ہوا ہے، تاریخ رقم ہوگئی ہے، ماشااللہ شہروز نے ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرلیا ہے’۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز کاشف 17 برس کی عمر میں پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی براڈ پیک (8047 میٹر بلند) سَر کرنے والے کم عمر ترین پاکستان کوہ پیما بھی ہیں۔انہوں نے براڈ پیک اور ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے لیے مصنوعی آکسیجن کا استعمال کیا۔

17 سال کی عمرمیں براڈ پیک سر کرنے کی وجہ سے شہروز کاشف کو ‘براڈ بوائے’ قرار دیا جاتا ہے۔ان سے قبل ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ثمینہ بیگ کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما تھیں، جنہوں نے 23 سال کی عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی سَر کی تھی۔

Back to top button