بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

این سی او سی نے عید الفطر کیلئے گائیڈ لائنز کی منظوری دیدی

عید کی نماز کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلی جگہوں پر پڑھائی جائے

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدالفطر کے لیے گائیڈ لائنز کی منظوری دے دی۔این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور دیگر شریک ہوئے۔

این سی او سی نے عیدالفطر کے لیے گائیڈلائنز کی منظوری دے دی جس کے تحت عید کی نماز کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلی جگہوں پر پڑھائی جائے، اگر مسجد کے اندر نماز پڑھانا ضروری ہو تو دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھیں۔

گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہےکہ مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لیے نماز دو سے تین بار پڑھائی جائے اور نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے، بیمار، بزرگ اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز میں آنے سے گریز کریں، عید کی نماز کے لیے آنے والے ماسک لازمی پہنیں۔

این سی او سی کی گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا ہے کہ مساجد اور عید گاہوں میں داخلے کے لیے متعدد راستے رکھے جائیں، مساجد کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینیٹائزر رکھے جائیں اور نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے، نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں جب کہ گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں،نماز کے بعد ہجوم نا بنائیں۔

اشتہار
Back to top button