سعودی عرب اور ایران میں مذاکرات شروع ہو گئے

خطے کے دو عظیم اسلامی ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی پورے خطے اور اس کے لوگوں کے مفاد میں ہے۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

سعودی عرب سے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان ایرانی وزارت خارجہ سعید خطیب زادے کا کہنا تھا کہ خطے کے دو عظیم اسلامی ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی پورے خطے اور اس کے لوگوں کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے دونوں ملکوں کے درمیان مسائل کے حل کا خیرمقدم کرتے ہیں، باہمی تعلقات کے لیے بامعنی سمجھوتوں پر پہنچنے کی قوی امید ہے، اس سلسلے میں ایران اپنی پوری کوشش کرے گا۔

خیال رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کی خبریں اپریل میں سامنے آئی تھیں جس کی اب ایران کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے۔

سعودی عرب اور ایران کے درمیان مختلف معاملات پر اختلافات پائے جاتے ہیں اور 2016 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے تھے۔

Exit mobile version