لاہور ہائیکورٹ کا رمضان بازاروں میں چینی کی فروخت روکنے کا حکم
چینی عام مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو فروخت کرنے کا حکم جاری
لاہور ہائی کورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کی فروخت روکنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت میں رمضان بازاروں میں چینی کی حصول کیلئے قطاروں اور اشیائیخورد و نوش کی قیمتوں کے تعین کے کیس کی سماعت ہوئی ، اس دوران لاہورہائی کورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی فروخت کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا ، عدالت کی جانب سے چینی عام مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو فروخت کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔
اس سے پہلے رمضان بازاروں میں چینی کے خریداروں کی لمبی قطاروں پرلاہور ہائیکورٹ نے اظہار برہمی بھی کیا تھا ، اپنے ریمارکس میں لاہور ہوئی کورٹ نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی کی خریداری کے لیے لمبی لمبی لائنیں نہیں لگنی چاہیے ، یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے ، 15روپیکے پیچھے آپ نے عوام کو بھیکاری بنا دیا ہے، اگر انسانی وقار متاثر کرنا ہے تو کسی کے گھر کے باہر سے چینی لینے دیں ، یہاں عدالت میں حلف نامہ جمع کروائیں کہ لائنیں نہیں لگیں گی۔
دوروان سماعت عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ چینی کی دکانوں پر لوگوں کی لائنیں کیوں لگوائی جارہی ہیں؟ عام خریدار کو 85 روپے قیمت پر چینی کیوں نہیں مل رہی؟ حکومت نے جوکہا وہی قیمت مقرر کروا دی؟ جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ لوگوں کو چینی 85 روپے میں مل رہی ہے ، اس پر عدالت نے کہا کہ میڈیا پر خبریں آپ کے بیان سے مختلف ہیں ، اگر بات مختلف ہوئی تو آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔
دوسری جانب چینی کی 85 روپے فی کلو پر بلا تعطل ترسیل کے لیے ضلعی حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا ، شہر میں 100 سے زائد شوگر سیل پوائنٹ قائم کیے جائیں گے ، اس حوالے سے کمشنر لاہور نے ڈی سی کو شوگر سیل پوائنٹ قائم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ، کمشنر لاہور محمد عثمان کا کہنا ہے کہ شہرمیں چینی دستیابی یقینی بنانے کے لیے سیل پوائنٹ قائم کیے جائیں، رمضان بازاروں میں بھی چینی کی باآسانی دستیابی ہونی چاہیئے ، محمدعثمان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت اولین ترجیح ہے، انتظامیہ کوئی کسراٹھا نہ رکھے۔