پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے زمبابوے کیخلاف مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ میں ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں جگہ بنالی ہے۔ 28 سالہ وکٹ کیپر بلے باز نے زمبابوے کے خلاف پہلے اور تیسرے میچ میں 82 اور 91 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کے کپتان این مورگن اور ہندوستانی اوپنر روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 5 درجے ترقی کے بعد 10 ویں پوزیشن حاصل کی۔
رضوان اس فہرست میں پاکستان کے دوسرے بلے باز ہیں، ان سے آگے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ہیں جو ایک درجے تنزلی کے بعد اب رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں ۔ فاسٹ بائولرز کی فہرست میں حارث رؤف (38ویں سے 21 ویں پوزیشن) اور محمد حسنین (117ویں سے مشترکہ طور پر 65 ویں پوزیشن) نے بھی ترقی کی منازل طے کیں ۔ لیگ سپنر عثمان قادر نے 12 درجے ترقی کے بعد محمد حسنین کے ساتھ مشترکہ طور پر 65 ویں پوزیشن سنبھال لی۔ آخری ٹی ٹونٹی میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بائولر حسن علی ترقی کے بعد 56ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ۔