محمد عباس کی فرسٹ کلاس کرکٹر میں 500وکٹیں مکمل
محمد عباس فرسٹ کلاس کرکٹ میں 500 وکٹیں مکمل کرنے والے 21 ویں پاکستانی فاسٹ بائولر بن گئے
قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عباس فرسٹ کلاس کرکٹ میں 500 وکٹیں مکمل کرنے والے 21 ویں پاکستانی فاسٹ بائولر اور مجموعی طور پر 51 ویں گیند باز بن گئے ہیں ۔ 31 سالہ محمد عباس نے انگلش کائونٹی چیمپئن شپ میں ہمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے گلوسٹرشائر کے جیمز بریسی کو بولڈ کرکے اپنے 500 واں شکار مکمل کرلیا۔
محمد عباس اب تک 119 فرسٹ کلاس میچز میں 20.69 کی اوسط سے 501 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، انہوں نے 36 مرتبہ اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ اور 11 مرتبہ میچ میں 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے موجودہ وزیراعظم اور قومی فاسٹ بائولر قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان ہیں جنہوں نے 1287 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں، سابق کپتان اور سوئنگ کے کپتان وسیم اکرم نے 1042، سابق پیسر سرفراز نواز نے 1005، وقار یونس نے 956 ، سابق قومی آل رائونڈر یاسر عرفات نے 790 اور سابق فاسٹ بائولر عبدالرئوف نے 695 وکٹیں اپنے نام کررکھی ہیں ۔