موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) نے چار اداروں سے مفاہمتی یاد داشت کے معاہدوں پر دستخط کئے جن میں ملک کے بعض بڑے اور معروف فلاحی ادارے بھی شامل ہیں۔ ان فلاحی اداروں سے شراکت داری کا مقصد عطیات اور زکوٰۃ کی برق رفتاری سے وصولی اور مستحق افراد کو تیزرفتاری سے منتقلی ہے۔
اس حوالے سے کراچی میں اہم تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم ایم بی ایل نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ، ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ڈیولپمنٹ سوسائٹی (ہینڈز)، اور صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ اس اشتراک میں براستہ جاز کیش کے ڈیجیٹل والٹس سے تیزرفتار ادائیگیوں کے ذریعے ان فلاحی اداروں کو برانچ لیس بینکنگ کی سہولیات کی فراہمی سے انہیں مالی طور پر بااختیار بنایا جائے گا۔
تمام افراد میں مالیاتی خدمات کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل بینک ایم ایم بی ایل تیزرفتار ٹرانزازیکشنز کی باسہولت خدمات کی فراہمی کے لئے جدت انگیز ڈیجیٹل طریقے بروئے کار لا رہا ہے۔ بینک ہر پاکستانی کو بااختیار بنانے کے مقصد کے ساتھ ہر گزرتے دن اپنے ڈیجیٹل نظام میں وسعت لاکر اپنے صارفین اور شیئر ہولڈرز کو مسلسل بہتر سے بہتر انداز سے خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔
تقریب میں ایم ایم بی ایل کے سی ای او غضنفر عزام نے کہا، "ہم ان فلاحی اداروں کے ساتھ اشتراک کے انتخاب پر خوش ہیں جن کا مقصد ضرورت مندوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ پاکستان کے پسماندہ طبقات میں ان فلاحی اداروں کا کام قابل ستائش ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل بینک ہونے کے طور پر ہم اپنے صارفین کو تجویز کرتے ہیں کہ وہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ، ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ڈیولپمنٹ سوسائٹی اور صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے کام کا حصہ بنیں۔ ہم اس اشتراک میں وسعت اور پائیداری کے لئے پرامید ہیں۔”
صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین سید صارم برنی نے کہا، "ایم ایم بی ایل کے ساتھ اشتراک ہماری خدمات کے بڑھتے ہوئے پورٹ فولیو کے لئے اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس سے ہمارے عطیات دہندہ افراد کو تیز رفتاری سے عطیات کی ادائیگی میں مدد ملے گی۔ جاز کیش کے اکاؤنٹ کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے بھی لوگوں کو عطیات دینے میں سہولت حاصل ہوگی۔”
سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بورڈ ممبر نعمان عبدالمجید نے کہا، "پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی اداروں میں سیلانی ٹرسٹ کا شمار ہوتا ہے جو روزانہ 3 لاکھ سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی اور خوراک فراہم کررہا ہے۔ مزید برآں، ہم مستحق طالب علموں کو آئی ٹی کی تربیت بھی فراہم کررہے ہیں جبکہ پاکستان بھر کے 8 لاکھ سے زائد افراد کو صحت کی بلامعاوضہ خدمات میں سہولت پیش کررہے ہیں۔ جاز کیش ادائیگیوں سے ہمیں اپنے آپریشنز مزید مستحکم انداز سے فعال بنانے میں مدد ملے گی۔”
ان کے علاوہ، ایم ایم بی ایل نے فوڈ پاپا پرائیویٹ لمیٹڈ سے بھی اشتراک کیا ہے۔ اس کا عزم ہے کہ ان شراکت داریوں کو مستحکم بنا کر عوام کو مزید فائدہ پہنچایا جائے۔