میری خواہش ہے کہ ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائوں، بابر اعظم
ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پاکستانی کپتان بابراعظم اب ٹیسٹ رینکنگ میں بھی اپنی بادشاہت قائم کرنے کے خواہاں ہیں ۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ظہیر عباس ، جاوید میانداد اور محمد یوسف کی کمپنی میں شامل ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمیشہ پاکستان کرکٹ کے چمکتے ہوئے ستارے رہیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگر وہ سر ویوین رچرڈز اور ویرات کوہلی کی طرح ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں سخت محنت کرنی ہوگی اور رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔ بابراعظم نے کہا کہ میں نے پہلے بھی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے لیکن میری خواہش ہے کہ ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائوں، کرکٹر کی صلاحیتیوں کا اصل امتحان ٹیسٹ کرکٹ ہے، ٹیسٹ کا نمبر ون بیٹسمین بننے کے لیے محنت جاری رکھوں گا۔