پاکستان میں کورونا کی تباہی جاری، ایک روز میں ریکارڈ 135اموات

پاکستان میں کورونا سے ایک روز کے دوران 135 اموات ہوئیں جو رواں سال اب تک ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48092 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4681 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 135 افراد انتقال کرگئے۔

پاکستان میں گزشتہ سال 25 جون کو کورونا سے 148 اموات ہوئی تھیں جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی اموات اس عرصے میں ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15754 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 34423 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 76757 ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.7 رہی۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3645 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 41912 ہو گئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 269840 ہوگئی ہے جب کہ 4530 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 255571 ہے اور 7141 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 20499 اور ہلاکتیں 219 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 101045 اور 2732 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 14837 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 410 افراد انتقال کرگئے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5140 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 67491 ہے اور اب تک 619 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

Exit mobile version