امام رضا ایتھلیٹکس کپ ، ارشد ندیم کا جیولن تھرو میں طلائی تمغہ
پاکستان کے ارشد ندیم نے ایران کے شہر مشہد میں امام رضا ایتھلیٹکس کپ کے جیولن تھرو ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا۔ ارشد نے اپنی ذاتی بہترین تھرو 86.29 میں بھی بہتری لاتے ہوئے ایونٹ میں 86.38 میٹر تھرو کرکے نیا قومی ریکارڈ بنایا جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے لئے سونے کا تمغہ جیت سکے۔ دوسری طرف ارشد ندیم کی تھرو ایونٹ میں شرکت کرنے والے دیگر ممالک کے کھلاڑیوں سے کہیں زیادہ بہتر تھی، ان کی تھرو چاندی اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں سے کم از کم 10 سے 12 میٹر آگے تھی۔
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے ارشد ندیم کو ان کی جیت پر مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس میں بھی تمغہ جیتیں گے ، ان کی تربیت کے دوران یہ کامیابی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ ارشد ندیم کی ٹریننگ صحیح سمت جارہی ہے۔
ارشد ندیم آج ترکی کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ قازقستان کے جیولرو تھرو کوچ وکٹر کی نگرانی میں 3 ہفتوں تک تربیت حاصل کریں گے۔ ان کے ساتھ سابق بین الاقوامی ہیمر تھروور اور سابق قومی چیمپئن سلمان بٹ بھی شامل ہوں گے۔