کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست مسترد
سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کی سماعت براہ راست نشرکرنےکی درخواست مسترد کردی۔ سپریم کورٹ کے 6 ججوں نے اکثریتی رائے سے کیس کی براہ راست سماعت نشر کرنے کی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست مسترد کی جب کہ 4 ججوں نے کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کی حمایت کی۔عدالت کا کہنا ہےکہ درخواست پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
فیصلے کے اختلافی نوٹ میں کیس کی براہ راست نشریات کی استدعا منظور کی گئی ہے اور کہا گیا ہےکہ عدالتی کارروائی براہ راست نشر کرنے کے لیے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈکی جائے، عوامی دلچسپی کےکیسزکی آڈیو ریکارڈنگ ویب سائٹ پربغیر ایڈیٹ اپ لوڈکی جانی چاہیے، معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے۔
عدالت نے کہا ہےکہ سپریم کورٹ معلومات تک کس انداز میں رسائی دے سکتی ہے یہ انتظامی معاملہ ہے۔
فیصلہ جاری ہونے پر جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ فیصلے تحریرکرنے اور اختلاف کرنے والے ججز کے نام جاننا چاہتا ہوں اس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فیصلہ پڑھیں گے تو آپ کو ناموں کا اندازہ ہوجائے گا۔