لاہورہائیکورٹ نے رمضان المبارک میں شوگر ملوں سے چینی 80 روپے کلو خریدنے کا حکم دے دیا
لاہورہائیکورٹ نے رمضان المبارک میں شوگر ملوں سے چینی 80 روپے کلو خریدنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل نے شوگر ملز کی ایک نوعیت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی جن میں 80 روپے کلو چینی خریدنے کے سرکاری احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ صوبے کی شوگر ملوں کے پاس 25 لاکھ ٹن چینی موجود ہے جب کہ رمضان میں کھپت ایک لاکھ 55 ہزار ٹن ہوگی، شوگر ملز کے وکلا نے 20 ہزارٹن چینی 83 روپے کلو تک بیچنے کی پیشکش کی لیکن فریقین میں اتفاق نہ ہوسکا۔عدالت نے عارضی بنیادوں پر رمضان میں پنجاب کی شوگر ملوں سے ایک لاکھ 55 ہزار ٹن چینی 80 روپے کلو خریدنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ رمضان میں لوگوں کو چینی ملنی چاہیے، یہ ثواب کا کام ہے،قیمت کے تعین کا طریقہ کار رمضان المبارک کے بعد طے کیا جائے گا۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو قیمت کے تعین کے لیے رولز بنانے اور ضروری ترمیم سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
عدالت نے چینی کی قیمت سے متعلق تمام درخواستیں اکٹھی کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم بھی دیا جب کہ عدالت نے مزید کارروائی عید کے بعد تک ملتوی کردی۔