پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کھلاڑی نین عابدی اب امریکا کی نمائندگی کرینگی
پاکستان ویمنز ٹیم کی سابقہ کھلاڑی نین عابدی اب امریکی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گی۔ 35 سالہ نین عابدی نے تصدیق کی کہ وہ امریکہ کی طرف سے کھیلنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی ہوں گی۔ نین نے میڈیا کو بتایا ،امریکی کرکٹ حکام نے ان سے رابطہ کیا تھا اور وہ پاکستان کے بعد اب امریکہ کی نمائندگی کرنے میں خوشی محسوس کریں گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی انہیں اجازت دے دی ہے، وہ اس وقت کراچی میں ہیں اور اپنے کوچ کے ساتھ ٹریننگ کررہی ہیں ۔ امریکی کرکٹ ٹیم کا کنڈیشنگ کیمپ 15 اپریل سے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاری کے لئے ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ہوگا۔ واضح رہے کہ نین عابدی آخری بار پاکستان کے لئے جون 2018ء میں بھارت کے خلاف کھیلی تھیں۔ انہوں نے 2006ء سے 2018ء کے دوران 87 ون ڈے اور 68 ٹی ٹونٹی میچوں میں گرین شرٹس کی نمائندگی کی۔