قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے شیڈول میں تبدیلی
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اب 11 کی بجائے 17 اپریل کو لاہور سے ڈھاکہ روانہ ہوگی۔ کورونا وائرس کے باعث بنگلہ دیش میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے قومی انڈر 19 اسکواڈ کی ڈھاکہ روانگی میں تاخیر کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ گزشتہ دو روز سےدورے کے نئے شیڈول کے لیے میزبان بورڈ سے رابطے میں تھا، اس سلسلے میں دونوں بورڈز نے دورے میں شامل میچز کی تعداد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق اب دونوں ٹیموں کے مابین واحد چار روزہ میچ 23 اپریل سے سلہٹ میں شروع ہوگا، جس کے بعددونوں ٹیموں کے مابین پچاس اوورز پر مشتمل پانچ میچز کی سیریز کا آغاز ہوگا۔محدود طرز کی کرکٹ کے ابتدائی تین میچز سلہٹ جبکہ آخری دو ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
دورے کے لیے حتمی 17 رکنی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اب 10 مئی کو وطن واپس پہنچے گی۔
دورے کی تیاریوں کی غرض سے قومی انڈر 19 اسکواڈ کا فی الحال قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری تربیتی کیمپ 12 اپریل سے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور منتقل ہوجائے گا۔
نیا شیڈول:
17 اپریل: بنگلہ دیش روانگی
23 تا 26 اپریل: واحد چار روزہ میچ بمقام سلہٹ
30 اپریل: پہلا پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام سلہٹ
2 مئی: دوسرا پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام سلہٹ
4 مئی: تیسرا پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام سلہٹ
7 مئی: چوتھا پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام ڈھاکہ
9 مئی: پانچواں پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام ڈھاکہ