متحدہ عرب امارات کی فٹبال ٹیم نے بھارت کو دھول چٹا دی۔ بھارت اور متحدہ عرب امارات کی فٹبال ٹیموں کے مابین بین الاقوامی میچ دبئی کے زبیل سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اماراتی کھلاڑیوں نے آغاز سے ہی کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی جس کے باعث سٹیڈیم میں بھارتی کھلاڑی بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے۔ متحدہ عرب امارات کے کھلاڑیوں نے کسی بھی موقع پر بھارتی ٹیم کو واپسی کی کوئی موقع نہیں دیا۔
اماراتی ٹیم کے سٹرائیکر علی مبخوت نے 12 ویں، 32 ویں اور 60 ویں منٹ میں گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ خلیل ابراہیم نے 64 ویں اور فابیو لیما نے 71 ویں اور 84 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پھینکا۔ متحدہ عرب امارات نے میچ میں 6 گول سکور کیے جب کہ بھارتی ٹیم ایک بھی گول سکور کرنے میں ناکام رہی ۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت اور عمان کے مابین 25 مارچ کو کھیلا گیا دوستانہ میچ 1-1 گول سے برابر رہا تھا۔
فٹ بال مبصرین کا کہنا ہے کہ فیفا عالمی رینکنگ میں 104ویں پوزیشن پر موجود بھارتی ٹیم کو اس بات کا ذرا بھی اندازہ نہیں تھا کہ اسے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2010ء میں ابوظہبی میں بھارت اور یو اے ای کی ٹیموں کے درمیان بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلا گیا تھا جس میں بھارت کو 0 کے مقابلے میں 5 گولز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔