ملک میں کورونا سے مزید 78 ہلاکتیں، 3902 نئے کیسز رپورٹ، مریضوں کی تعداد 78249 تک پہنچ گئی

اسلام آباد(صباح نیوز)

ملک میں کورونا سے مزید 78 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1652 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 78249 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سندھ میں 526 اور پنجاب میں کورونا سے 540 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 482 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 49، اسلام آباد 30، گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

منگل  کوملک بھر سے کورونا کے مزید 3902 کیسز اور 78 ہلاکتیں سامنے آچکی ہیں جن میں پنجاب سے 1610 کیسز 43 ہلاکتیں، سندھ 1439 کیسز 23 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 412 کیسز اور 8 ہلاکتیں، بلوچستان 121 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد 304 کیسز 2 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

منگل کو پنجاب سے کورونا کے مزید 1610 کیسز اور 43 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 27850 اور ہلاکتیں 540 ہوگئی ہیں۔ صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7116 ہے۔

سندھ سے منگل کو کورونا کے مزید 1439 کیسز اور 23 اموات سامنے آئیں جس کی تصدیق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کی۔ وزیراعلی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 31086 ہوگئی ہے جب کہ اموات 526 تک جا پہنچی ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ آج 953 مزید مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 15538 ہوگئی ہے۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے پیر کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تاہم بروز منگل جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 121 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں تصدیق شدہ کورونا مریضوں کی تعداد 4514 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے میں 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 49 ہوگئی۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1565 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت سے منگل کو کورونا وائرس کے مزید 304 کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔ پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 2893 ہوگئی ہے جب کہ اموات 30 ہو چکی ہیں۔ اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 169 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی  منگل کو کورونا کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔ حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 271 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 170 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں منگل کو مزید 8 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 490 تک جا پہنچی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 412 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 10897 ہوگئی۔ صوبے میں اب تک 3085 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 27 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 738 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق کورونا سے اب تک 11 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 527 ہے۔

Exit mobile version