بروقت امپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قلت
آل پاکستان پٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پٹرولیم پراڈکٹس کی بر وقت امپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا کر دی ہے جس کا نوٹس لیا جائے، پی ایس او کے علاوہ تمام کمپنیوں نے ملکی ضروریات کے مطابق عالمی منڈی سے تیل کی خریداری میں غیر ضروری تاخیر کی جبکہ پٹرول اور ڈیزل کا اسٹاک رکھنے کے قوانین کوبھی نظر انداز کر دیا جس سے ملک میں تیل کی قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
زوم پر منعقدہ اس میٹنگ میں ملک بھر سے آل پاکستان پٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے شرکت کی جن سے خطاب کرتے ہوئے غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں تاخیر سے حکومت کو بھی ریونیو کی مد میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جبکہ عوام بھی پٹرول کی نایابی کی وجہ سے قیمتوں میں کمی کے فائدے سے محروم رہے ہیں۔
اس وقت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرول پمپوں کی سپلائی بند کی ہوئی ہے اور اگر کسی کو پٹرول یا ڈیزل مل بھی رہا ہے تو ضروریات سے بہت کم جس سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جبکہ صارفین پریشان ہو رہے ہیں۔
اس صورتحال میں ملک بھر میں ٹرانسپورٹ سیکٹر بری طرح متاثر ہو سکتا ہے جبکہ کرائے بھی بڑھ سکتے ہیں۔ پٹرولیم ڈیلرز کا کاروبار جوپہلے ہی لاک ڈائون سے متاثر ہوا تھا، مارکیٹنگ کمپنیوں کے غلط فیصلوں سے مزید متاثر ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پٹرول پمپ مالکان کے مسائل پر توجہ دی جائے جبکہ نئے حالات کے مطابق آئل ریفائنریوں، مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کیلئے پرائسنگ فارمولے کو تبدیل کیا جائے اور ملکی ضروریات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات جلد از جلد درآمد کی جائیں جبکہ پٹرولیم مصنوعات کا سٹاک رکھنے کے قوانین پر عمل درآمد کروایا جائے۔