کورونا وائرس، مصدقہ مریضوں کی تعداد 17611تک جا پہنچی

خیبر پختونخوا  حکومت کی جانب سے جمعہ کو کورونا وائرس  کے باعث  39  اموات رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھرمیں  مزید 45افراد  جاں بحق ہوگئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 405ہوگئی جبکہ  مزید 1138کیسز سامنے آچکے ہیں، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 17611تک جا پہنچی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 161افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ سندھ میں 118اور پنجاب میں 106افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کل  182,131ٹیسٹ ہوئے ہیں جبکہ 4315 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے  جمعہ کو جاری اعداد و شمار  میں مزید   کیسز اور بڑی تعداد میں 39ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے پی نے صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ خیبرپختونخوا میں کوروناکے مجموعی مریضوں کی تعداد 2799اور ہلاکتیں 161ہوچکی ہیں جبکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 690افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں  کورونا کے مزید 622 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 6ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلی سندھ نے کی۔وزیراعلی نے بتایا کہ نئے کیسز کے بعد صوبے میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 6675اور ہلاکتیں 118ہوگئی ہیں۔ مراد علی شاہ کے مطابق مزید 73 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1295 ہوگئی ہیے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں  کورونا وائرس کے مزید 30 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 343 ہوگئی ہے جبکہ شہر میں وائرس سے اب تک 4افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں ایک روز قبل جمعرات کو کورونا کے مزید 513 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6340 اور ہلاکتیں 106 ہوگئی ہیں۔ پنجاب میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1921 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں  کورونا کے مزید 75 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1049 ہوگئی ہے جبکہ 14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 183 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں  کورونا کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 339 تک پہنچ گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق اب تک 248 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

Exit mobile version