بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آٹا چینی بحران کسی دشمن نے نہیں بار بار اقتدار میں رہنے والوں نے پیدا کیے۔ سینیٹر سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر ایسے نااہل اور بے حس حکمران مسلط ہیں جو ایک ماہ گزرنے کے باوجود کورونا متاثرین کے ٹیسٹ بھی نہیں کروا سکے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور جیلوں میں قیدی کورونا وبا میں مبتلا ہورہے ہیں۔ حکومت اب تک کورونا متاثرین کی اصل تعداد کے بارے میں کچھ نہیں جانتی۔ حکمران جہالت اور بیماری کے بجائے ہر وقت اپنے لوگوں کے خلاف آمادہ جنگ رہتے ہیں۔ جو حکومت اپنے پہلے دن سے لے کر آج تک خود وینٹی لیٹر پر ہے، وہ مریضوں کو کیا وینٹی لیٹر دے گی۔ حکومت عام حالات میں عوام کے مسائل حل نہیں کرسکی، موجودہ حالات کا مقابلہ کیسے کرے گی۔ چیف جسٹس نے بجا فرمایا ہے کہ وزیروں مشیروں کی ایک فوج ظفر موج ہے مگر کام کچھ بھی نہیں۔ حکومت نے مصیبت کی اس گھڑی میں اوورسیز پاکستانیوں کو تنہا چھوڑ دیاہے۔ حکومت سعودی عرب، اٹلی، اسپین میں پھنسے ہوئے ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی انتظامات کرے۔ آٹا چینی بحران کسی دشمن نے نہیں بار بار اقتدار میں رہنے والوں نے پیدا کیے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گجرات میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرامیرجماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، ضلعی امیر ضیاء اللہ شاہ، صدر الخدمت فائونڈیشن انصر محمود ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے چرچ میں مسیحی برادری کے ساتھ نشست کی اور ڈ سٹرکٹ جیل گجرات کا دورہ بھی کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ یہ ملک کا المیہ ہے کہ آج تک کسی حکومت نے تعلیم اور صحت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔

قومی بجٹ کا صرف تین فیصد ان دو اہم ترین شعبوں پر خرچ کیا جارہاہے۔ جہالت اور بیماریوں کے پھیلنے کے اصل ذمہ دار وہ حکمران ہیں جو قومی دولت اپنے اللے تللوں پر خرچ کرتے رہے اور ملک کو اندھیر نگری بنائے رکھا۔

انہوں نے کہاکہ 22 کروڑ عوام اور ایٹمی قوت کے پاس صرف 1700 وینٹی لیٹر تھے اور جب وبا پھیلی تو ان میں سے بھی بہت سے خراب تھے۔

سراج الحق نے قوم اور فلاحی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ حکومت خود تو کچھ کرنے کو تیار نہیں اور جو لوگ مستحقین کی مدد کر رہے ہیں، ان کے راستے میں بھی روڑے اٹکا رہی ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے ایک لاکھ رضا کار ملک بھر میں عام لوگوں کو کورونا وباء سے بچائو کا سامان اور راشن پہنچا رہے ہیں اور اب تک ایک ارب روپے سے زائد کا سامان مستحقین تک پہنچایا جاچکا ہے۔ گجرات میں سولہ ہزار مستحق گھرانوں کو راشن فراہم کیا گیا ہے اور الخدمت گجرات نے اڑھائی کروڑ روپے سے زائد رقم امدادی سرگرمیوں پر خرچ کر کے اپنے عوام کی خدمت کی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بیرون ملک پھنسے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں لانے کے لیے حکومت خصوصی پروازوں کا انتظام کرے۔ اگر حکومت اپنے شہریوں کو سنبھال نہیں سکتی تو ہمیں بتائے ہم اپنے بھائیوں کی مہمان نوازی کریں اور ان کو قرنطینہ سنٹرز میں رکھ کر ہر سہولت دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ لوگ بھوک کے ہاتھوں خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ مدینہ کی ریاست کا دعویٰ کرنے والوں کو لوگوں کی پریشانیوں اور مشکلات کم کرنے کی طرف توجہ دینا ہوگی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کوئی بھی مجبور اور پریشان خود کشی جیسے جرم کا ا رتکاب نہ کرے، وہ اپنے ڈپٹی کمشنر کو فون کرے۔ اگر ڈپٹی کمشنر ان کی فریاد نہ سنے تو جماعت اسلامی اور الخدمت کو آگاہ کرے، ہم اس کے لیے ہر سہولت کا بندوبست کریں گے اور ان سرکاری اہلکاروں کو بھی توجہ دلائی جائے گی۔

اشتہار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button