مشکل وقت میں باہر جانیوالے عوام کے خیرخواہ کیسے ہو سکتے ہیں:عثمان بزدار
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئیـوزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا وائرس وباء جیسے اہم قومی مسئلے پر صرف زبانی جمع خرچ کیا ہے۔ اپوزیشن جان لے کہ بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہو سکتی۔ عوام کی خدمت کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کورونا وباء میں عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ہم کل بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں، آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔
کورونا وباء پر اپوزیشن کی سیاست چمکانے کی کوشش پہلے بھی ناکام رہی اور آئندہ بھی ناکام رہے گی۔کورونا جیسے اہم قومی مسئلے پر اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں نے اہم قومی مسئلے پر منفی سیاست کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مسئلے پر اکٹھا ہونے کا ہے۔ کورونا وباء کے باعث دنیا بھر میں سیاست سمیت ہر چیز بدل گئی لیکن افسوس پاکستان کی اپوزیشن کا منفی رویہ نہ بدلا۔ مشکل وقت میں دکھی انسانیت کو اکیلا چھوڑ کر ملک سے باہر جانے والے عوام کے خیرخواہ کیسے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کمزور طبقات کی مالی امداد کے لئے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام دیاہے اورمالی امداد کے اس پروگرام پر انتہائی تیز رفتاری اور شفافیت سے عملدرآمد شروع ہوچکا ہےـمیں پنجاب میں امداد ی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔
سابق سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان نے کہاکہ یہ وقت دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا ہے اور سب کو یکجا ہو کر کورونا وبا کے لئے کام کرنا ہےـ آزمائش کی گھڑی میں اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش افسوسناک ہےـانہوں نے کہاکہ مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں اوردین اسلام بھی آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔