بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایم کیو ایم پاکستان نے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا

  متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے حکومت کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، اس موقع پر صدارتی انتخابات کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران ایم کیو ایم نے صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کروائی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے بعد صدارتی انتخاب اہم مرحلہ ہے، بلاول بھٹوکی آمد پر بڑی خوشی ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں اور صدارتی انتخاب میں ایم کیو ایم آصف زرداری کو ووٹ دے گی۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا ہے کہ ہم پر عزم ہیں آصف زرداری تاریخی ووٹ لے کر منتخب ہوں گے، جمہوریت کے اثرات عوام تک پہنچیں گے، جمہوری قوتوں کو اختلافات کے باوجود ڈائیلاگ جاری رکھنے چاہئیں، پاکستان کی ترقی اور تعمیر ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی سپورٹ پر شکر گزار ہوں، ہم سب مل کر آصف علی زرداری کو بھاری اکثریت سے جتوائیں گے، کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے صف اول کا کردار ادا کریں گے، نئی حکومت کی سب سے زیادہ توجہ کراچی پر ہو گی، آصف زرداری بھی کراچی کیلئے جو کر سکے وہ کریں گے۔

مزید پڑھیے  چین کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 کروڑ یوآن کی امداد کا اعلان
Back to top button